3 روز تک گٹر لائن میں پھنسے شخص کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا
میکسیکو: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک شخص گٹر لائن کے اندر تین دن تک پھنسا رہا، جسے اس کی چیخوں کی آوازیں سن کر ریسکیو کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو سٹی کے شمال مغرب میں واقع شہر لیون میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں انتونیو نامی شہری سرنگوں کی تلاش میں قریبی ندی سے نکاسی آب کی بڑی لائنوں میں داخل ہوا اور راستہ بھول گیا۔
لاکھ کوشش کے باوجود اسے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ دکھائی دیا یعنی جس مقام سے وہ داخل ہوا وہاں واپس نہ پہنچ سکا اور تین دن تک بھوکا پیاسا بھٹکتا رہا۔
آخر کار اس نے ایک روشنی دیکھی جو اوپر کی سڑک کے ایک مین ہول کے ڈھکن کی جالیوں سے آ رہی تھی جو اس کیلئے امید کی کرن تھی، وقتاً فوقتاً وہ مدد کیلئے چیختا چلاتا رہا، بالآخر تیسرے دن سڑک سے گزرنے والی ایک خاتون نے اس کی چیخوں کی آواز کو سنا اور متعلقہ حکام کو اس کی اطلاع دی۔
اس حوالے سے مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اس علاقے سے کسی کی ہلکی سی چیخوں کی آوازیں آ رہی تھیں لیکن اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ یہ آوازیں کہاں سے آ رہی ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتونیو کو بحفاظت گٹر لائن سے باہر نکال لیا تاہم بھوکا پیاسا رہنے کے باعث اس پر نقاہت طاری تھی جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انتونیو کو گٹر لائن سے نکالے جانے کی دو ویڈیوز ٹک ٹاک پر وائرل ہو چکی ہیں۔