مخصوص نشستیں دینے کا معاملہ: ن لیگ کی 3 متاثرہ ارکان کی نظرثانی اپیل دائر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے معاملہ پر عدالتی فیصلے سے متاثرہ ن لیگ کی تین ارکان نے نظرثانی اپیل دائر کردی۔

نظرثانی اپیل ہما اختر چغتائی، ماہ جبین عباسی اور سیدہ آمنہ بتول نے دائر کی، نظرثانی اپیل میں سنی اتحاد کونسل اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا سنی اتحاد کونسل کا مخصوص نشستوں کیلئے فہرست جمع نہ کرانا تسلیم شدہ حقیقت ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، پورا کیس سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق تھا۔

مؤقف میں مزید کہا گیا اپنی مرضی سے سنی اتحاد کونسل میں جانے والے 41 ارکان کو پارٹی تبدیل کرنے کیلئے 15 دن دینا آئین کو دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف ہے، قانون میں طے کردہ اصول سے ہٹ کر نیا طریقہ نہیں اپنایا جا سکتا۔

مؤقف میں استدعا کی گئی کہ 12 جولائی کے مختصر اکثریتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، اکثریتی فیصلہ آئین کے تحت نہیں ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں