غزہ میں جنگ بندی ، واشنگٹن کا دوحہ مذاکرات کامیاب بنانے پرزور

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمن آل ثانی نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کیلئے آج ہونیوالی دوحہ میں مقررہ بات چیت کو برباد نہ کریں۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا کہ بلنکن اور قطری وزیر اعظم نے ٹیلی فون پر رابطے میں اس بات پر زور دیا کہ خطے میں کسی بھی فریق کو ایسا قدم نہیں اُٹھانا چاہیے جو معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کو نقصان پہنچائے۔

بلنکن نے بدھ کے روز مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی سے بھی بات چیت کی ، گزشتہ چند روز میں امریکی وزیر خارجہ نے اُردن، سعودی عرب، ترکیہ اور اسرائیل کی قیادت سے بھی رابطہ کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ ایران، حماس اور اسرائیل کے لیے ایک چھپی ہوئی تنبیہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکا، مصر اور قطر کی جانب سے غزہ جنگ بندی کیلئے مذاکرات آج

گزشتہ ہفتے امریکی صدر جو بائیڈن نے زور دیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کیلئے مصر اور قطر کی قیادت میں ہونے والی بات چیت کو کامیاب بنایا جائے۔

یہ مذاکرات آج ( جمعرات ) کے روز دوحہ میں ہو رہے ہیں ، حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ایران میں ہلاکت کے بعد امریکی صدر جنگ بندی کے حوالے سے مایوسی کا شکار ہو گئے تھے، اس ہلاکت کی نسبت اسرائیل کی طرف کی گئی، اسماعیل ہنیہ جنگ بندی مذاکرات میں شریک تھے۔

اس وقت سے امریکا ایران پر زور دے رہا ہے کہ وہ اسرائیل سے انتقام کے لیے حملے کی دھمکی پر عمل درآمد نہ کرے۔

بائیڈن انتظامیہ نے دائیں بازو کے انتہا پسند اسرائیلی وزراء کے افعال پر شدید برہمی کا بھی اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہادتوں کی تعداد 39ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ 92 ہزار زخمی ہوئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں  کی ہے ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں