سی ٹی ڈی بنوں پر حملہ، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہلاک

پشاور: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر مارا گیا۔

سی ٹی ڈی بنوں کی تفتیشی ٹیم اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان پر حملے کی جائے وقوعہ کی نشاندھی کے لئے جا رہی تھی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست دہشت گرد کمانڈر اُسامہ عرف دانیال عرف باغی ہلاک ہو گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک کمانڈر نئی دہشت گرد تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان کا سرگرم رکن اور ماسٹر مائنڈ تھا، دہشت گرد کو چھڑانے کےلئے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ جوابی فائرنگ میں دہشت گردوں کے ہلاک ساتھی کی شناخت کامیاب خان عرف اخلاص یار ولد نبوت خان سکنہ کابل خیل شیواہ شمالی وزیرستان کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد کے پاس سے ایک کلاشنکوف، دو عدد میگزین، دو ہینڈ گرینیڈز برآمد ہوئے جبکہ دہشت گرد فرار ہوتے ہوئے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے جوانوں کو بروقت جواب پر شاباش دی، آئی جی نے کہا کہ دہشت گرد کسی کے سگے نہیں، مفاد کی خاطر اپنے ساتھیوں پر بھی فائر کھول دیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں