نادرا نے ملک میں رجسٹرڈ آبادی کی تفصیلات پبلک کردیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک میں رجسٹرڈ آبادی کی تفصیلات جاری کر دیں۔

نادرا نے اپنی سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کروا دی ہے اور ترجمان نادرا نے ایک سالہ کارکردگی کا ڈیٹا ویڈیو بیان کی صورت میں جاری کیا، نادرا کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ ہے۔

ترجمان کے مطابق یونین کونسلز میں 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج ہوا ہے، لیکن یہ بچے ابھی نادرا سے رجسٹرڈ نہیں ہیں جبکہ پاکستان کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہے اور رجسٹرڈ افراد میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔

نادرا کے بائیو میٹرک ڈیٹا کے مطابق 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت موجود ہے، ڈیٹا بیس میں 1 ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا موجود ہے۔

رجسٹریشن میں مجموعی طور پر 11 فیصد اضافہ ہوا ہے، بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد جبکہ خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں اور 2025ء میں 75 نئے رجسٹریشن سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے۔

نادرا نے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن اور سہولت کو بھی بڑھایا ہے اور پاک آئی ڈی ایپلیکیشن نے نادرا کی 15 فیصد ذمے داری سنبھال لی ہے جبکہ آئی ڈی ایپلیکیشن کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں