برطانیہ کا یوکرین کو 16.2 کروڑ پاؤنڈ قیمت کے میزائل فراہم کرنے کا اعلان

لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ نے یوکرین کو 16.2 کروڑ پاؤنڈ قیمت کے میزائل فراہم کرنے کا اعلان کردیا ۔

عرب میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو ہلکے وزن کے 650 ملٹی رول میزائل فراہم کرے گی جن کی قیمت 16.2 کروڑ پاؤنڈ (21.313 کروڑ ڈالر) ہے۔

اس اقدام کا مقصد یوکرین کو روسی ڈرون طیاروں اور بم باری کے مقابل تحفظ میں مدد کرنا ہے۔

یاد رہے کہ روس نے گزشتہ ہفتے یوکرین پر ایک بڑا حملہ کیا جو 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا، یوکرین اپنے دفاع کے لیے بارہا مزید فضائی دفاعی سپورٹ کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

برطانوی وزارت دفاع کے مطابق توقع ہے کہ جمعے کے روز اعلان کردہ میزائلوں کی پہلی کھیپ رواں سال کے اختتام تک پہنچ جائے گی۔

وزارت دفاع نے بتایا کہ ان میزائلوں کی پہنچ چھ کلومیٹر سے زیادہ ہے ، ان میزائلوں کو خشکی، سمندر اور فضا تینوں جگہ سے داغا جا سکتا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں