وفاقی حکومت دسمبر 2024ء میں گرین لائن بس سروس سندھ حکومت کے حوالے کریگی

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت دسمبر 2024ء میں گرین لائن بس سروس سندھ حکومت کے حوالے کرے گی۔

حکومتِ سندھ نے گرین لائن بس سروس کے آپریشنز سنبھالنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

اس حوالے سے سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیرِ صدارت اجلاس میں گرین لائن بس سروس کے آپریشنز کا جائزہ لیا گیا جس میں جاری آپریشنز، یوٹیلیٹی سروسز اور گرین لائن بس کی سبسڈیز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ایم ڈی ماس ٹرانزٹ اتھارٹی شریک ہوئے جس میں گرین لائن کو اورنج لائن سے جوڑنے کے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کا ایک اہم جزو ہے، چاہتے ہیں گرین اور اورنج لائن جوڑنے کا کام دسمبر 2024ء سے پہلے مکمل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گرین لائن آپریشنز پر 2 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جس پر حکومتِ سندھ نظرِ ثانی کرے گی، گرین لائن منصوبے کی سندھ کو منتقلی کے بعد اس میں مزید بسیں شامل کریں گے۔

شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ حکومتِ سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کراچی کا دیرینہ مسئلہ رہا ہے، چاہتے ہیں کہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں