کراچی ایئرپورٹ کےقریب دھماکہ، 6 افراد زخمی ہوگئے

کراچی :(دنیا نیوز) کراچی ایئرپورٹ کےقریب دھماکےکی آوازسنی گئی، آگ لگنے سے 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز ڈیفنس ،جمشید روڈ سمیت دور دور تک سنائی دی ، دھماکے کی جگہ پر دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کے جوان موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں، دھماکے کے باعث ایئر پورٹ پر کھڑی کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی آگ لگنے سے نقصان پہنچا ہے جبکہ ریسکیو اہلکار اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایئر پورٹ کے باہر گارڈ روم میں ہوا ہے،  ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ آئل ٹینکر میں دھماکہ ہوا ہے، انتظامیہ نے ایئر پورٹ جانے والے تمام راستے بند کردیئے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس نے اطراف میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا جن میں آگ بھڑک اٹھی۔

سول ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کی تمام تنصیبات محفوظ ہیں ۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کا ایس ایس پی ملیر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کے متعلق تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں