لبنان کے معاملات میں ایران کی مداخلت قبول نہیں، نجیب میقاتی

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی نے ایرانی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے اندرونی معاملات میں ایران کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔

نجیب میقاتی نے کہا کہ لبنان کے معاملات میں ایرانی مداخلت قبول نہیں، اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے نفاذ کے حوالے سے مذاکرات کرنا صرف لبنانی ریاست کا اختیار ہے۔

لبنانی عبوری وزیر اعظم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا تھا کہ ایران جنوبی لبنان سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے نفاذ کے حوالے سے فرانس کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

2006 میں منظور کی گئی اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کا مقصد جنوبی لبنان کے علاقے کو ہتھیاروں اور فوج سے پاک رکھنا ہے تاکہ سرحد پر امن قائم رکھا جا سکے۔

نجیب میقاتی نے ان کے اس موقف پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے معاملات میں واضح مداخلت اور لبنان پر ناپسندیدہ سرپرستی قائم کرنے کی کوشش ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں