خواتین کرکٹ کی ترقی کیلئے ویمن لیگ ناگزیر ہے: کرکٹر ارم جاوید
کراچی :(ویب ڈیسک )پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ارم جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کی ترقی کے لیے ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارم جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد ویمن کرکٹ لیگ کا انعقاد کرے تاکہ پاکستانی ویمن کرکٹرز کو بھی ٹاپ لیول کرکٹ کا بھرپور تجربہ حاصل ہو۔
ارم جاوید نے بتایا کہ دیگر ممالک کی ویمن ٹیمیں کافی عرصے سے لیگ کھیل رہی ہیں جس سے نہ صرف ان کے کھیل میں بہتری آئی ہے بلکہ ان کی ذہنی پختگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "اگر ہمیں بھی لیگ کے مواقع فراہم کیے جائیں تو ہم بھی بین الاقوامی معیار پر کھڑے ہو سکیں گے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ایونٹس میں پاکستان ویمن ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری آئی ہے اور ٹیم نے ان حریف ٹیموں کو شکست دی ہے جن سے پہلے جیتنا مشکل ہوتا تھا۔
ارم جاوید کا کہناتھا کہ ویمن کرکٹ میں فٹنس اور مقابلے کا معیار بڑھ گیا ہے، مقابلے کا رجحان بڑھنے سے سینئر پلیئرز پر بھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ بڑھا ہے جس سے کھیل میں مجموعی طور پر بہتری آئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بار بار ہم وہی لڑکیاں آپس میں کھیلیں گی تو بہتری کا امکان کم ہوگا، ہمیں بین الاقوامی پلیئرز کے ساتھ کھیل کر سیکھنے کی ضرورت ہے۔