نازیبا واٹس ایپ پیغام بھیجنے والے ملزم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپا) نے نازیبا واٹس ایپ پیغام بھیجنے والے ملزم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
ذرائع کے مطابق نازیبا واٹس ایپ پیغام بھیجنے پر وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار کا بڑا حکم سناتے ہوئے ملزم حسن علی خان لغاری کو ہراسانی کا مرتکب قرار دیا اور ملزم پر دس لاکھ روپے ہرجانہ عائد کر دیا۔
ایوانِ صدر نے بھی فوسپا کے فیصلے کی توثیق کر دی، وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت کے حکم کے فیصلے کیخلاف ملزم حسن علی خان لغاری کی اپیل ایوان صدر نے مسترد کردی جس کے بعد وفاقی محتسب کا دس لاکھ روپے جرمانے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے۔
خیال رہے ترجمان وفاقی محتسب برائے ہراسیت میں سیدہ گلبدن شاہد نے شکایت درج کروائی تھی، ملزم پر واٹس ایپ پر نازیبا اور نا مناسب پیغامات بھیجنے کا الزام تھا، ملزم نے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔
وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے ملزم کو خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کا مر تکب قرار دیا تھا جس کے فیصلے کے خلاف ملزم نے ایوان صدر سے رجوع کیا تھا تاہم ایوان صدر نے بھی ملزم کی اپیل مسترد کردی ہے۔