شہباز شریف کی ڈنمارک کی وزیراعظم سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور

باکو: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی باکو میں COP-29 کے موقع پر ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن سے ملاقات، دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ڈنمارک کے مابین سیاسی، تجارتی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بالخصوص گرین ٹرانزیشن اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کی اہم ترجیحات پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔

اس سال پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے باہمی شراکت داری کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈنمارک کی وزیراعظم نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی و عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں