کین میں پٹرول نہ دینے پر شہری نے فائرنگ کردی، پمپ ملازم جاں بحق
سیالکوٹ :(دنیا نیوز) سیالکوٹ کے حاجی پورہ روڈ پر مسلح افراد نے پٹرول پمپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پٹرول پمپ کا ایک ملازم جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اپنی گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کے بعد کین میں مزید 10 لٹر پٹرول ڈالنےکا مطالبہ کیا تاہم پمپ انتظامیہ نے کین میں مزید پٹرول دینے سے انکار کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ پمپ انتظامیہ کے انکار پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پٹرول پمپ کا ایک ملازم جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پٹرول قلت کی خبروں کے بعد ملک بھر کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش لگ گیا ہے۔