نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری مدت 14 دن، مکمل کیش لیس سسٹم رائج کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری کی زیر صدارت اجلاس میں پاسپورٹ نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری مدت 21 دن سے کم کر کے اب 14 دن کر دی گئی ہے، جس کا مقصد عوام کو تیز تر سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس سسٹم رائج کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 15 روز کے اندر یہ نظام نافذ کیا جائے گا، جس سے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ہوگا اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے اور پاسپورٹ کی گھروں تک مؤثر ڈلیوری کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ نظام میں اصلاحات کیلئے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو ناگزیر قرار دیا، جبکہ متعلقہ حکام کو اس حوالے سے پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔