بشریٰ بی بی کی بیٹی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات اور ذاتی معالج تک رسائی سے متعلق درخواست پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے گئے، جس کے بعد عدالت نے پٹیشن کو نمبر لگا کر پیر کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

سماعت کے دوران وکلا سلمان اکرم راجہ، علی بخاری، نعیم پنجوتھہ اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ اس نوعیت کے معاملات میں پہلے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے اور اگر ابھی تک جیل حکام سے رجوع نہیں کیا گیا تو آج یا کل میں کر لیا جائے۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیر کو کیس پر نمبر لگنے کے بعد اسے سنا جائے گا، انہوں نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ کیا پہلے بھی ملاقات نہیں ہو رہی تھی؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کبھی کرا دی جاتی ہے اور کبھی روک لی جاتی ہے، اب فیملی ملاقات بھی بند کر دی گئی ہے۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار بشریٰ بی بی کی بیٹی ہیں اور ان کی ملاقات بند نہیں ہونی چاہیے، بشریٰ بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں اور ان کی سرجری بھی ہو چکی ہے، اس لئے کیس میں ایمرجنسی نوعیت کے پیش نظر فوری سماعت کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آج آخری ورکنگ ڈے ہونے کی وجہ سے اعتراضات دور کر دیئے گئے ہیں، کیس کو پیر کے پہلے ورکنگ ڈے پر سنا جائے گا، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں