کیمبرج انٹرنیشنل بورڈ نے اے لیول ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق کردی
کراچی: (دنیا نیوز) کیمبرج انٹرنیشنل بورڈ نے اے لیول ریاضی کے امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق کردی۔
کیمبرج کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ Cambridge International کے AS لیول میتھمیٹکس پیپر 12 (9709)، جو افریقہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں لیا گیا، ہمارے ضوابط کے خلاف قبل از وقت شیئر کیا گیا تھا۔
ہم ایسے واقعات کی فوری اور مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور اس وقت لیک کی حد کو سمجھنے اور آئندہ کے اقدامات طے کرنے پر کام کر رہے ہیں، ہماری ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ اس واقعے سے طلبہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے، اور ہم امتحانات کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کیمبرج نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ امیدوار آئندہ امتحانات کی تیاری جاری رکھیں اور ان میں شرکت کریں، آئندہ کے اقدامات سے متعلق فیصلے سینئر اور تجربہ کار ماہرین کریں گے جن کے پاس تمام حقائق موجود ہوتے ہیں۔
امتحان کی سالمیت متاثر ہونا ایک نایاب واقعہ ہے، اور جہاں ہمیں بدعنوانی کے شواہد ملتے ہیں وہاں ہم مراکز اور طلبہ کے خلاف مناسب کارروائی ہوگی، کیمبرج مزید معلومات 7 مئی 2026 جمعرات کو اپنی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔ریاضی اے لیول کا پرچہ بدھ کو امتحان سے 6 گھنٹے قبل آئوٹ ہوا تھا۔