سکیورٹی سروسز کو جرائم میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے چیلنجز کا سامنا ہے: سعودیہ

دوحہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ سکیورٹی سروسز کو مختلف نوعیت کے جرائم میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

سعودی وزیر داخلہ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کے 41 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر کے سکیورٹی اداروں کو مختلف نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک کو اس وقت متعدد جرائم کا سامنا ہے جن میں دہشتگردی کے خطرات اور انتہا پسندی کا فروغ بھی شامل ہے، اس حوالے سے یہ بات مدنظر رکھنی ہوگی کہ جدید ٹیکنالوجیز کو جرائم پیشہ تنظیمیں اور افراد اسلحہ کی تیاری اورسمگلنگ کے لیے بھی با آسانی استعمال کرتے ہیں جس سے جرائم و دہشتگردی کے خطرات میں اضافہ ہوتا ہے۔

وزیر داخلہ نے دور حاضر میں درپیش مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہوکر جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں