چینی صدر کی برازیلی ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون کی 30 دستاویزات پر دستخط

برازیلیا: (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے برازیلی ہم منصب اناسیو لولا ڈی سلوا کے ساتھ ملاقات کی۔

چینی صدر نے برازیلی ہم منصب سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ برازیل چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت قائم کرنے والا پہلا ملک ہے، چین برازیل تعلقات میں پیش رفت میں یہ ایک اور تاریخی لمحہ ہے، انہوں نے مستقبل میں باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے چار تجاویز پیش کیں۔

ان تجاویز میں باہمی سٹریٹجک اعتماد کو مسلسل مستحکم کرنا، ترقیاتی حکمت عملیوں کو مسلسل مربوط کرنا، عالمی امن و انصاف کے تحفظ کے لئے چین اور برازیل کی طاقت کا اظہار اور انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے چین اور برازیل کا کردار شامل ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ  چین لاطینی امریکہ فورم کے انعقاد، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو لاطینی امریکا اور کیریبین کی ترقیاتی ضروریات کے ساتھ بہتر طور پر ہم آہنگ کرنے اور چین لاطینی امریکا کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں مزید ثمرات حاصل کرنے کے لئے برازیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔

اناسیو لولا ڈی سلوا نے کہا کہ چینی عوام برازیل کے عوام کے سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست ہیں۔

بات چیت کے بعد دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کئے، چین صدر کے دورہ برازیل کے دوران فریقین نے معیشت اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ڈیجیٹل معیشت، پائیدار ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور عالمی ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کی 30 سے زائد دستاویزات پر دستخط کئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں