ٹوکیو میں ’’یو ایس سپیس فورسز جاپان‘‘یونٹ قائم
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے ٹوکیو میں ’’یو ایس سپیس فورسز جاپان‘‘ یونٹ قائم کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا نے عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں قائم اپنے اڈے پر سپیس فورس یونٹ قائم کیا ہے، امریکی خلائی فورس انڈو پیسفک کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل انتھونی مستالیر نے ایک خصوصی تقریب میں اعلان کیا کہ انہوں نے ٹوکیو میں یوکوٹا ایئر بیس پر خلائی تحقیقی سرگرمیوں کے لیے ’’یو ایس سپیس فورسز جاپان‘‘یونٹ قائم کیا ہے جس میں ابتدائی طور پر 10 گارڈین (اہلکاروں )کو تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے بیتایا کہ اس یونٹ کو جاپان کی سپیس فورسز کی معاو نت حاصل ہو گی، امریکا اور جاپان کا اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور اب خلا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اتحاد جاپان کی خلائی نگرانی اور میزائل وارننگ کی صلاحیتوں کی ترقی سمیت مشاورتی اور ماہرین کی مدد فراہم کرے گا، فوجی یونٹ کا مقصد جاپان ایئر سیلف ڈیفنس فورس کے ساتھ ہموار کوآرڈینیشن کرنا ہے۔
یہ کارروائیاں بیس تنصیبات سے موجودہ سازوسامان کے ساتھ کی جائیں گی اور کسی نئے فوجی سازوسامان کی تنصیب کا منصوبہ نہیں ہے، انتھونی مستالیر کے مطابق اس یونٹ کے قیام کا مقصد یو ایس جاپان کمبائن سیٹلائٹ کمیونیکیشن کو بڑھانا ہے۔