یو اے ای کی ویزا میعاد ختم ہونے پر 31 مارچ تک ملک واپسی کی مہلت

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں حکام نے ویزا میعاد ختم ہونے پر شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو 31 مارچ 2026 تک یو اے ای میں واپسی کے لیے خصوصی مہلت فراہم کر دی ہے۔

اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد متاثرہ افراد کو قانونی حیثیت بحال کرنے اور سفری معاملات کو منظم انداز میں مکمل کرنے کا موقع دینا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مدت کے دوران واپس آنے والے افراد کو بعض مالی جرمانوں اور انتظامی پابندیوں میں نرمی دی جا سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار ہر کیس کی نوعیت اور متعلقہ قواعد پر ہوگا، حکام نے کہا کہ امیگریشن کے عمل کو مکمل کرنے اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے بعد ہی قانونی حیثیت کی بحالی ممکن ہوگی۔

بیان کے مطابق یہ سہولت ان رہائشیوں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر بروقت واپسی یا ویزا تجدید نہ کرا سکے حکام نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ہدایات کے مطابق مقررہ مدت کے اندر اپنی قانونی حیثیت واضح کریں تاکہ آئندہ کسی مشکل سے بچا جا سکے۔

متعلقہ اداروں کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید رہنمائی جاری کی جا سکتی ہے۔ حکام نے کہا کہ رہائشی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے امیگریشن نظام کو منظم انداز میں چلایا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں