پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران زبردست تیزی

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج بھی کاروبار کے دوران مثبت رجحان برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 730 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا ہے جبکہ کم سے کم انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 162 پوائنٹس رہا۔
تاہم کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں انڈیکس 441 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 15 ہزار 536 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے پاکستانی بینکنگ سیکٹر کے آؤٹ لک کو مثبت قرار دینے اور پاکستان کے حال ہی میں آئی ایم ایف کیساتھ ہونے والے اقتصادی جائزہ مذاکرات کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی مسلسل بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1009 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 1 لاکھ 15 ہزار 94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 17 پیسے اضافے کے ساتھ 280.05 روپے سے بڑھ کر 280.22 روپے پر ٹریڈ کرنے لگا۔