مرحوم عرفان صدیقی کی خالی نشست پر عابد شیر علی بلامقابلہ سینیٹر منتخب
لاہور: (دنیا نیوز) مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی خالی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوا جس میں مجموعی طور پر تین امیدواروں عابد شیر علی، احسن افضل خان اور عبدالجبار نے کاغذات جمع کرائے تاہم احسن افضل خان اور عبدالجبار نے بعد میں اپنے کاغذات واپس لے لیے۔
امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد عابد شیر علی واحد امیدوار رہ گئے جس کے باعث وہ بلا مقابلہ سینیٹ کی نشست پر منتخب قرار پائے، یہ نشست سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد
علاوہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عابد شیر علی کو سینیٹ انتخابات میں بلا مقابلہ کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کو عوامی خدمت کی بدولت ہر محاذ پر فتح نصیب ہو رہی ہے، عابد شیر علی پارٹی کے سرگرم رہنما ہیں اور انہوں نے گزشتہ ادوار میں عوامی خدمت سے اپنا نام بنایا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ عابد شیر علی بطور سینیٹر میاں نواز شریف کی لازوال قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔