کراچی: فلیٹ سے ملنے والی 3 خواتین کی لاشوں کا پوسٹمارٹم مکمل، موت کا تعین نہ ہوسکا

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں فلیٹ سے ملنے والی تین خواتین کی لاشوں کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا، موت کی اصل وجہ رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی۔

تینوں لاشوں پر تشدد کا کوئی نشان نہیں، پولیس نے زہر خورانی کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر تینوں کی موت زہریلی چیز کھانے سے ہوئی، فلیٹ سے نیند کی گولیوں کے خالی پیکٹ ملے ہیں، بیہوشی کی حالت میں ملنے والا نوجوان یاسین ہسپتال میں زیر علاج ہے، نوجوان کو ہوش آگیا لیکن بیان دینے کے قابل نہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ سرکاری مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کر لیا گیا، گھر کے سربراہ اقبال کو تحویل میں لے لیا گیا، اقبال کے بھائی اسلم کا بھی بیان لیا گیا۔

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ اسلم نے سرد خانے سے خواتین کی لاشیں وصول کیں، جاں بحق  تینوں خواتین کی نماز جنازہ لائنز ایریا میں ادا کردی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں