صدر ٹرمپ کا فوجی بجٹ میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) صدر ڈونلڈ ر ٹرمپ نے امریکی فوجی بجٹ کو 50 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 کھرب ڈالر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ملک کو انتہائی مشکل اور خطرناک حالات کا سامنا ہے، اس لئے دفاعی اخراجات کو 2027 تک ایک اعشاریہ پانچ کھرب ڈالر تک کیا جائے، یہ بجٹ موجودہ 901 ارب ڈالر سے 50 فیصد زیادہ ہوگا، جس کی امریکی کانگریس نے گزشتہ سال دسمبر میں منظور ی دی تھی۔
امریکی صدر کا مؤقف ہے کہ یہ اضافہ امریکا کو ڈریم ملٹری بنانے کا موقع دے گا جو ملک کو ہر دشمن کے مقابلے میں محفوظ رکھے گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ دفاعی کمپنیوں کے سربراہان اور شیئر ہولڈرز کو کی جانے والی بڑی ادائیگیوں کی کڑی نگرانی بھی کی جائے گی کہ آیا یہ کمپنیاں ہتھیاروں کی ترسیل تیز کرنے کے لئے اپنے وعدے پر پورا اُتر رہی ہیں اور کیا یہ اس کام کے لئے نئے کارخانے قائم کر رہیں ہیں کہ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی دفاعی سازوسامان بنانے والی بڑی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن، نارتھروپ گرومن اور ریتھیون کے شیئرز نیویارک میں 5 فیصد سے زیادہ بڑھ گئے ہیں، معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کے اخراجات اور آمدنی کے درمیان فرق خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔
تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت آسانی سے ایک اعشاریہ پانچ کھرب ڈالر کا بجٹ پورا کر سکتی ہے کیونکہ اسے دیگر ممالک سے درآمدات پر عائد کئے جانے والے ٹیرف سے اضافی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ فوجی سازوسامان کو تیزی سے تیار نہیں کیا جا رہا اس لئے کمپنیوں کو جدید اور نئے کارخانے بنانے چاہئیں، انہوں نے دفاعی کمپنیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ بڑے پیمانے پر شیئر ہولڈرز کو ادائیگیاں درست انداز میں نہیں کر رہیں جبکہ پیداوار میں سرمایہ کاری کو بھی نظرانداز کیا جا رہاہے۔