یوکرین کے شہری علاقوں پر ڈرون حملے دہشت گردی ہے: ماریہ زخارووا

ماسکو: (شاہد گھمن سے) یوکرین کے روسی علاقوں پر ڈرون حملوں میں ایک روسی خاتون ہلاک ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے یوکرین کے ڈرون حملوں کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے، کیف حکومت نے ایک بار پھر اپنی بے رحمانہ اور نازی سوچ کا ثبوت دیا ہے، جو فوجی محاذ پر ناکامی کے بعد روسی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

یوکرین کی جانب سے وورونیش، کورسک، بریانسک اور بیلگورد کے علاقوں پر 33 ڈرون حملے کیے گئے جن میں سب سے زیادہ نقصان وورونیش کے رہائشی علاقوں میں ہوا، حملوں کے نتیجے میں ایک نوجوان خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی جبکہ کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے۔

روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ حملوں کا ہدف دس سے زائد رہائشی عمارتیں، متعدد نجی گھر، ایک جمنازیم اور کئی انتظامی عمارتیں تھیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ یوکرینی حکومت محاذ پر اپنے واضح عسکری ناکامیوں کے بعد غصہ عام شہریوں پر اتار رہی ہے اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کارروائیوں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیں، اس طرح کے حملے بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور تمام ذمہ داروں کو لازماً جواب دہ ہونا پڑے گا۔

روسی وزارتِ خارجہ نے عالمی برادری کی خاموشی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیف کی جانب سے غیر مہذب بربریت پر مسلسل عدم توجہی اسے مزید شہہ دے رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں