متنازع ٹویٹ کیس میں عدالت نے ایمان مزاری کو ریلیف دے دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) متنازع ٹویٹ کیس میں عدالت نے سابق رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو ریلیف دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی، ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایمان مزاری پیش نہیں ہوئیں۔
دورانِ سماعت عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے ہادی علی چٹھہ نے بتایا کہ ایمان مزاری کو 104 بخار ہے جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں، انہیں خود بھی بخار ہے لیکن وہ اس لئے عدالت آئے ہیں تاکہ یہ نہ لگے کہ وہ بہانہ کر رہے ہیں۔
جج محمد افضل مجوکہ نے ہدایت دی کہ ایمان مزاری کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی جائے، جس کے بعد عدالت نے تحریری درخواست آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو ہادی علی چٹھہ کی جانب سے ایمان مزاری کی حاضری سے استثنا کی تحریری درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا، بعد ازاں عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس کی سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔