یورپی یونین 2026 میں بھی روس کے خلاف پابندیاں جاری رکھے گی: روسی ماہر

ماسکو: (شاہد گھمن سے) ممتاز روسی ماہر اور والدائی کلب کے بورڈ چیئرمین آندرے بسترِتسکی نے پیش گوئی کی ہے کہ یورپی یونین اپنے سخت گیر رویے اور روس مخالف سوچ کے تحت آئندہ سال بھی روس کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے مزید سخت ہونے کے امکانات خاصے زیادہ ہیں کیونکہ یورپی قیادت، بیوروکریسی اور کمیشن کے ادارے مسلسل پابندیاں بنانے کی مشین بن چکے ہیں، یورپی یونین اپنی پالیسی کو محض سزا نہیں بلکہ دباؤ اور رائے عامہ کی تشکیل کا آلہ سمجھتی ہے۔

آندرے نے امریکہ کی پالیسی کو نسبتاً زیادہ لچکدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن پابندیوں کو اثر انداز ہونے کے لیے استعمال کرتا ہے جبکہ یورپ انہیں ایک کھلے دشمنی کے ہتھیار کے طور پر دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ روس کو ایک برائی کے طور پر پیش کرتا ہے جس سے لڑنا ضروری ہے، جبکہ امریکا سفارتی لہجے میں اسے ایک تنازع قرار دے کر ثالثی کی بات کرتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کئی بار یہ مؤقف دہرا چکے ہیں۔

روسی ماہر کا کہنا تھا کہ اس وقت یورپی یونین کے مؤقف میں کسی نرمی کے آثار نظر نہیں آ رہے، بلکہ برسلز کے اقدامات مزید جذباتی اور جارحانہ ہوتے جا رہے ہیں، مستقبل میں کسی غیر متوقع تبدیلی کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں