امریکا کا آئندہ ہفتے وینزویلا پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے آئندہ ہفتے وینزویلا پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کے دوران سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ ہم اس تیل پر سے پابندیاں ہٹا رہے ہیں جو فروخت کیا جانا ہے، امریکی وزیرخزانہ سے جب پوچھا گیا کہ مزید پابندیاں کب ہٹائی جا سکتی ہیں تو اس پر انہوں نے کہا کہ یہ آئندہ ہفتے کے اوائل میں بھی ہو سکتا ہے تاہم انہوں نے کسی حتمی تاریخ کی وضاحت نہیں کی۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو وینزویلا کے وزیرخارجہ ایوان گل پنٹو نے کہا تھا کہ امریکا نے دارالحکومت کراکس میں شہری اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے جنہیں انہوں نے فوجی جارحیت قرار دیا، اس کے بعد وینزویلا میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے، انہیں نیویارک کے جنوبی علاقے بروکلین میں واقع حراستی مرکز لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ 5 جنوری کو نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ کی وفاقی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں امریکی حکام نے ان پر منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے، دونوں ملزمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔