فرانزک رپورٹ نے پھر پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا: طارق فضل چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز پر پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ فریم بہ فریم تجزیئے میں پی ٹی آئی کی قیادت کی موجودگی کی تصدیق ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی اداروں پر حملے کسی ’’جذباتی ہجوم‘‘ نہیں بلکہ منظم سیاسی قیادت کے سائے میں کئے گئے۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور دیگر سرکاری تنصیبات پر حملہ دراصل پاکستان کی ریاست پر حملہ تھا،پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف تشدد کو ہوا دی بلکہ اسے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا، جو جماعت خود کو جمہوریت کی علمبردار کہتی ہے، اس کا اداروں کو آگ لگانے سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون اب سب کے لئے برابر ہونا چاہئے چاہے نام کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں کے وقار اور آئین کی بالادستی پر کسی کو حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔