طلبہ کے ایک گروپ نے پاکستان کا پہلا اے آئی وکیل تیار کر لیا
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہر شعبہ ہائے زندگی میں آئے روز باصلاحیت افراد اپنا ٹیلنٹ سامنے لا رہے ہیں، پاکستان نوجوان نہ صرف ملکی بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
ایسے ہی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے باصلاحیت نوجوان طلبہ کے ایک گروپ نے ملک کا پہلا اے آئی وکیل تیار کر لیا ہے، جس کو ماہرین ملک میں ایک انقلابی ایجاد کہہ رہے ہیں، یہ اے آئی وکیل قانونی شعبے میں جدت اور رفتار کی نئی مثال قائم کرے اور بطور لیگل اسسٹنٹ کام کرے گا۔
وکلا ایپ میں تفصیلات دے کر صرف ایک کلک پر کیس کی دستاویزات تیارکرسکیں گے۔
مصنوعی ذہانت کے وکیل ماڈیول کے ذریعہ قیام پاکستان یعنی 1947 سے لے کر 2025 تک کے ملکی عدالتی فیصلوں اور قوانین کی بنیاد پر درست اور جامع قانونی جوابات حاصل کر سکیں گے۔
اس سہولت سے پرانے ڈیٹا بیس اور مہینوں کی ریسرچ کی ضرورت ختم ہو جائے گی، عدالتوں میں کیسز کے التوا کے مسائل میں بھی کمی آئے گی، ہفتوں کا کام منٹوں میں مکمل ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ مقامی قوانین پر مبنی ٹیکنالوجی نوجوان وکلا کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ انصاف کی فراہمی، شفافیت اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔