ملک بھر میں شبِ معراج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

لاہور:(دنیا نیوز) ملک بھر میں رحمتوں، برکتوں اور روحانی فیوض و برکات سے بھرپور رات شبِ معراج آج 26 رجب المرجب، بروز جمعتہ المبارک نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

یہ بابرکت رات اسلامی تاریخ کی عظیم ترین اور مقدس راتوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کو ایک ہی رات میں مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ اور پھر آسمانوں کی سیر کروا کر اپنے قربِ خاص سے نوازا۔ یہ واقعہ ایمان افروز، عقیدے کو مضبوط کرنے والا اور امتِ مسلمہ کے لیے ہدایت، صبر اور استقامت کا عظیم پیغام رکھتا ہے۔

شبِ معراج کے موقع پر ملک کے طول و عرض میں مساجد، خانقاہوں اور دینی مراکز کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا، جہاں خصوصی عبادات، نوافل، تلاوتِ قرآن پاک، درود و سلام، ذکر و اذکار اور محافلِ میلاد و نعت کا اہتمام کیا جائے گا۔

س مقدس رات میں لاکھوں فرزندانِ اسلام اللہ تعالیٰ کے حضور جھک کر اپنے گناہوں کی معافی، دلوں کی پاکیزگی اور دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔

علمائے کرام اور مشائخِ عظام شبِ معراج کی مناسبت سے خصوصی خطابات کریں گے، جن میں واقعۂ معراج کی تاریخی اہمیت، اس کے روحانی پہلوؤں اور امت کے لیے اس کے عملی اسباق پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔

علما اس بات پر زور دیں گے کہ معراج کا تحفہ نماز ہے، جو مومن اور اس کے رب کے درمیان براہِ راست تعلق کا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر مسلمانوں کو نماز کی پابندی، اخلاقِ حسنہ، صبر، شکر اور تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین کی جائے گی۔

شبِ معراج کو عبادت اور دعا کی قبولیت کی رات قرار دیا جاتا ہے۔ اس بابرکت موقع پر خصوصی طور پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، معاشی استحکام، امن و سلامتی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے اجتماعی دعائیں کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں