سعودیہ میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی خلاف ورزیوں پر مزید 18054 افراد گرفتار
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی خلاف ورزیوں پر مزید 18 ہزار 54 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
مقامی میڈیا نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا کہ 8 سے 14 جنوری 2026ء کے درمیان 11 ہزار 343 اقامہ قانون، 3 ہزار858 بارڈر سکیورٹی اور 2 ہزار 853 قانون محنت کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں،غیرقانونی طور پر سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار419 افراد کو گرفتار کیا گیا، ان میں 59 فیصد ایتھوپین، 40 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 18 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے سعوی عرب سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 23 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائیداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔