غزہ انتظامی کمیٹی کا فلسطینی علاقے کی تعمیر نو، سکیورٹی کے قیام پر توجہ دینے کا اعلان
غزہ: (ویب ڈیسک) غزہ انتظامی کمیٹی نے فلسطینی علاقے کی تعمیر نو، سکیورٹی کے قیام پر توجہ دینے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی قومی انتظامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ وہ فلسطینی علاقے کی تعمیر نو، سکیورٹی کے قیام اور بنیادی سہولیات کی بحالی پر توجہ دے گی جس میں بجلی، پانی، صحت کی سہولیات اور تعلیم شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امن کونسل کے مندوبین نے انسانی امداد کے دائرہ کار کو بڑھانے، عوامی خدمات کی بحالی، اہم بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور عدلیہ و سکیورٹی اداروں کی تنظیم نو کے منصوبے تیار کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
کمیٹی نے اعلیٰ معیار کی شفافیت اور ایمانداری پر زور دیتے ہوئے ایک ایسی پیداواری معیشت قائم کرنے کا عہد کیا ہے جو روزگار کے مواقع پیدا کرے اور خود انحصاری کو فروغ دے، یہ سب فلسطینی حقوق اور حق خود ارادیت کے حصول کے ویژن کے تحت کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ اعلان اس کے بعد سامنے آیا جب غزہ کی قومی انتظامیہ کمیٹی جو سلامتی کونسل کی قرارداد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ بیس نکاتی امن منصوبہ کے تحت قائم کی گئی ہے، نے 15 جنوری 2026کو قاہرہ میں اپنا افتتاحی اجلاس منعقد کیا اور غزہ میں سول اور اندرونی سکیورٹی کے امور کی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔