پنجاب:عدالتوں میں جعلی مقدمات کی روک تھام کیلئے نیا بائیو میٹرک نظام نافذ

لاہور: (محمداشفاق) پنجاب کی عدالتوں میں جعلی مقدمات کی روک تھام کیلئے آج سے نیا بائیو میٹرک نظام نافذ کردیا گیا۔

پنجاب کی عدالتوں میں جعلی مقدمات اور فرضی ضمانتوں کی روک تھام کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت آج سے نیا بائیو میٹرک نظام نافذ کر دیا گیا ہے، اس منصوبے پر عملدرآمد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب کسی بھی عدالتی کارروائی سے قبل تمام فریقین کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے، اس نظام کے تحت درخواست گزار، مدعا علیہ اور ضامن کو نادرا کے ذریعے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی، بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر کوئی بھی درخواست عدالت میں دائر نہیں کی جا سکے گی۔

عدالتی حکام کے مطابق بائیو میٹرک نظام نافذ کرنے کا مقصد جعلی مقدمات، فرضی ضمانتوں اور جعلی شناخت کے استعمال کا مکمل خاتمہ کرنا ہے تاکہ عدالتی نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

وکلا تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بائیو میٹرک نظام سے عدالتی کارروائی میں شفافیت بڑھے گی اور اصل فریقین کی بروقت اور درست حاضری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

عدالتی حلقوں کے مطابق یہ اقدام عدالتی نظام میں ایک بڑی اصلاح تصور کیا جا رہا ہے جس کا سہرا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کو جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں