سانحہ گل پلازہ: انتظامی ناکامیوں پر مفتی منیب نے بھی سوالات اٹھا دیئے
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد انتظامی ناکامیوں پر ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمان نے بھی سوالات اٹھا دیئے۔
گل پلازہ سانحے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ایوان صدر میں سندھ حکومت کی کارکردگی بیان کی، مگر گل پلازہ کی آگ نے ان کے تمام دعوؤں پر پانی پھیر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر تنظیموں کے مطابق گل پلازہ سانحے میں کم از کم 3 ارب روپے کا نقصان ہوا، جو ایک بہت بڑا معاشی دھچکا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ 3 کروڑ آبادی کے شہر میں آگ بجھانے کا مؤثر نظام کیوں موجود نہیں؟
مفتی منیب الرحمان نے جاں بحق افراد کی مغفرت، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور متاثرین کیلئے بہتر نعم البدل کی دعا کی۔
قبل ازیں مفتی تقی عثمانی نے بھی گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے سانحے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں آگ پر قابو پانے میں ناکامی افسوسناک اور شرمناک ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے بعد بروقت امدادی کارروائیاں کیوں نہ ہو سکیں اور مدد تاخیر سے کیوں پہنچی۔