علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سینیٹر اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا گیا۔
سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ نے قائد حزب اختلاف کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ راجہ ناصر عباس کو 32 میں سے 22 ارکان اپوزیشن سینیٹ کی حمایت حاصل ہے، قائد حزب اختلاف کو ڈکلیئر کرنے کا اختیار چیئرمین سینیٹ کو ہے، سینیٹر ناصر عباس کو لیڈر آف اپوزیشن ڈکلیئر کرتا ہوں۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف کے نوٹیفکیشن کا معاملہ سینیٹ سیکرٹریٹ میں رہا، تاخیر عدالتی پروسیجر کے باعث تھی، اب میں رولز کے مطابق عمل کروں گا۔
یاد رہے کہ شبلی فراز کی نا اہلی کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں سپیکر سردار ایاز صادق نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا تھا۔