شکار پور: اینٹی کرپشن کا محکمہ خوراک کے دفتر اور گودام پر چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا
شکارپور:(دنیا نیوز)اندرون سندھ کے علاقے شکار پور میں اینٹی کرپشن کا محکمہ خوراک کے دفتر اور فوڈ گودام پر بڑا چھاپہ مارا گیا۔
چھاپے کے دوران محکمہ خوراک کا مکمل ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا، 14 ہزار سرکاری گندم کی بوریاں غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
دورانِ تفتیش کروڑوں روپے مالیت کی گندم غائب ہونے پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، پی آر سی انچارج اور مختلف فلور مل مالکان مقدمے میں نامزد ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز اینٹی کرپشن نے حساس اداروں کی مدد سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر پرویز انڑ اور پی آر سی انچارج کو گرفتار کیا، جعلی فلور ملز کے نام پر سبسڈی والی گندم کے پی کے اور بلوچستان کے ڈیلرز کو فروخت کی گئی۔