آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں 0.4 فیصد کمی کر دی

اسلام آباد: (مدثرعلی رانا) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کا تخمینہ لگایا ہے، عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کی موجودہ مالی سال 2026 کیلئے مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو کا تخمینہ کم کرتے ہوئے 3.6 فیصد سے کم کر کے 3.2 فیصد کر دیا۔

آئی ایم ایف کے مطابق یہ کمی ملکی معیشت میں موجود مستقل ساختی کمزوریوں کی عکاس ہے جو تاحال معاشی افق پر اثر انداز ہو رہی ہیں، آئی ایم ایف نے پیشنگوئی کی ہے کہ اگلے مالی سال 2027 میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو بہتر ہو کر 4.1 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

ورلڈ اکنامک آؤٹ لک کی تازہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں دیئے گئے تخمینے کے مقابلے میں پاکستان کی معاشی شرح نمو میں 0.4 فیصد کمی کی گئی، اس طرح مالی سال 2026 کیلئے شرح نمو 3.2 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھارت کی جی ڈی پی شرحِ نمو میں 0.2 فیصد اضافہ کرتے ہوئے مالی سال 2026 کیلئے 6.4 فیصد برقرار رکھی ہے، قومی اقتصادی کونسل نے تاحال سرکاری طور پر شرحِ نمو میں کمی کی منظوری نہیں دی۔

وزارت خزانہ کا خیال ہے کہ موجودہ مالی سال میں مجموعی معاشی شرح نمو 4 فیصد کے قریب پہنچ سکتی ہے تاہم اس حتمی اندازے کا انحصار دوسری سہ ماہی کے اعداد و شمار پر ہوگا۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے تاہم امریکا میں مہنگائی کے ہدف تک واپسی قدرے سست روی سے ہونے کا امکان ہے، آئی ایم ایف نے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ مالی ذخائر بحال کریں، قیمتوں اور مالی استحکام کو یقینی بنائیں، غیر یقینی صورتحال میں کمی لائیں اور پائیدار ترقی کیلئے ساختی اصلاحات نافذ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں