ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ کی نئے مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ کی نئے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر عدالت نے دس، دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض دونوں کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ کی نئے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، درخواستوں پر سماعت جسٹس محمد اعظم خان نے کی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ کی جانب سے ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی سماعت کے دوران موجود تھی۔
سماعت کے دوران ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلی مرتبہ کسی خاتون نے احاطہ عدالت میں رات گزاری ہے اور اگر کوئی پرانا مقدمہ تھا تو گرفتاری پہلے ہی عمل میں لائی جا سکتی تھی، ہائیکورٹ عدالت کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہاں سے کسی کو گرفتار نہ کیا جائے۔
ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے عدالت سے استدعا کی کہ حفاظتی ضمانت دی جائے اور پولیس کو ہدایت کی جائے کہ اگر کوئی اور مقدمہ موجود ہے تو اس کے سامنے آنے تک کسی دوسرے کیس میں گرفتاری نہ کی جائے۔
جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت صرف سامنے موجود ایف آئی آر کی حد تک حکم جاری کر رہی ہے جس کے بعد عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چھٹہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو اس مقدمے میں گرفتاری سے روک دیا۔