گل پلازہ سانحہ کی تحقیقات میں پیشرفت، ایس بی سی اے نے ریکارڈ جمع کرا دیا
کراچی: (دنیا نیوز) گل پلازہ سانحہ کی تحقیقات میں پیشرفت، ایس بی سی اے نے ریکارڈ جمع کرا دیا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی جاگ اٹھی، کمشنر کراچی کو سات فائلیں پیش کیں، سات فائلوں میں سے تین گل پلازہ کے زیر التوا کورٹ کیسز کی ہیں۔
گل پلازہ کی عمارت کے حوالے سے 1992، 2015 اور 2021 میں کیسز رپورٹ ہوئے، جمع کرائی گئی فائلوں میں خلاف ضابطہ تعمیرات کی دستاویزات بھی شامل ہیں۔
گل پلازہ کے ریکارڈ میں ریوائز پرپوز اور ریگولرائزیشن پلان کے کاغذات موجود ہیں، عمارت کی منظوری کے حوالے سے رپورٹ فائل بھی ایس بی سی اے نے جمع کرادی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سانحہ کے چار روز بعد مکمل ریکارڈ پیش کیا، کراچی ڈویژن نے گل پلازہ کی اصل فائلیں ایڈیشنل کمشنر کے دفتر حوالے کیں۔
اصل فائلیں پلاٹ نمبر 32، پی آر-01 پریڈی کوارٹرز، ضلع ساؤتھ میں جمع کرائی گئیں، فائلز میں عدالت کے کیسز، خلاف ضابطہ تعمیرات، رپورٹ اور ریگولرائزیشن پلان شامل ہیں۔
عدالت کیس فائل سی پی نمبر 4138/2015 میں 86 صفحات اور نوٹنگ موجود ہیں، عدالت کیس فائل سی پی نمبر 971/2021 میں 50 صفحات کی تفصیلات شامل ہیں۔
عدالت کیس فائل سی پی نمبر 1081/92 میں 16 صفحات اور نوٹنگ شامل کی گئی، خلاف ضابطہ فائل میں 06 صفحات کی خط و کتابت شامل ہے۔
ریوائز پرپوزڈ بلڈنگ پلان فائل میں 57 صفحات اور نوٹنگ 06 صفحات شامل ہیں، رپورٹ فائل میں 135 صفحات اور نوٹنگ 07 صفحات تک تمام تفصیل موجود ہے، ریگولرائزیشن فائل میں 41 صفحات اور نوٹنگ 07 صفحات شامل کی گئی۔