این ڈی ایم اے نے بارش و برفباری کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں بارش اور مختلف اضلاع میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ، پنجاب، بلوچستان اورخیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹے کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے، مری اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ناران، کاغان اور گلیات میں برفباری کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عوام کو برفباری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں