سندھ میں سولر پینل منصوبے میں کرپشن بارے ہوشر انکشاف سامنے آ گئے
کراچی :(دنیا نیوز) سندھ میں سولر پینل منصوبے سے متعلق کرپشن بارے ہوشر انکشاف سامنے آ گئے۔
سندھ میں کم آمدن والے افراد کو 2 لاکھ سولر پینل فراہم کرنےکے منصوبے میں 3 ارب روپے سے زائد مبینہ کرپشن کی نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
محکمہ توانائی سندھ کے سولر پینل منصوبے میں 3 ارب روپے سے زائد مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا تھا جس پر نیب نے تحقیقات شروع کردی ہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے نیب کے نوٹس کے بعد ریکارڈ اور تفصیلات نیب کو فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کمپنی نے کاغذات میں جعلسازی کرکے مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے، یہ منصوبہ ورلڈ بینک کے 10 کروڑ ڈالر کے قرض سے جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کنٹریکٹر نے پروجیکٹ کے عملے کی ملی بھگت سے مطلوبہ تعداد میں سولر یونٹس فراہم نہیں کیے تاہم کاغذات میں اِسے مکمل دکھایا گیا۔