امریکا میں برفانی طوفان سے نظام زندگی منجمد، دفاتر اور سکول بند، 30 افراد ہلاک

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کردیا، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برف باری اور بارش جاری ہے۔

برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 19 ہزار پروازیں منسوخ ہوگئیں، واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں، آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، شدید خراب موسم کے باعث سڑکیں اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔

پٹسبرگ کے شمالی علاقوں میں 20 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت منفی 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، کچھ علاقوں میں دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی گئی۔ نیویارک سٹی میں 8 افراد کی لاشیں کھلے مقامات سے ملی ہیں۔

بارش اور برفانی طوفان کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں، 44 ریاستوں کے تقریبا 20 کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے، 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ طور پر ایک اور برفانی طوفان مشرقی ساحلی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں