غیر قانونی بس سٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس لاڑکانہ شہر سے باہر منتقل
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں نشاندہی پر لاڑکانہ میں غیر قانونی بس سٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل ميمن نےمعاملے کی سنگینی کو فوراً نوٹس میں لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی،ان کے احکامات پر غیر قانونی بس سٹینڈز لاڑکانہ شہر سے باہر منتقل کر دی گئی ہیں۔
ضلع انتظامیہ اور ڈی آر ٹی اے نے لاڑکانہ شہر کے اندر قائم غیر قانونی سٹینڈز اور بکنگ پوائنٹس کو ہٹا کر شہر کے باہر منتقل کردیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ شہر کے اندر کوئی گاڑی غیر قانونی طورپرنہ چلےتاکہ عوام کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ بڑی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے سٹینڈز بھی سیل کیے گئے ہیں جبکہ متعلقہ حکام کے ذریعے نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ کوئی بھی بس یا کوچ شہر کے اندر داخل ہونے کی کوشش نہ کرے۔