ویمنز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 کیلئے پاکستانی ’اے‘ سکواڈ کا اعلان
لاہور: (دنیا نیوز) اے سی سی ویمنز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2026 کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمنز ’اے‘ سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہوگا، ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ پر مشتمل ہوگا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، چار ممالک اپنی قومی ویمنز ٹیمیں جبکہ چار ’اے‘ ٹیمیں میدان میں اتاریں گے۔
پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، یو اے ای اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا، گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ شامل ہیں، ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔
پی سی بی حکام کے مطابق آف سپن آل راؤنڈر اُمِ ہانی پاکستان ویمنز ’اے‘ ٹیم کی قیادت کریں گی، وحیدہ اختر اور شوال ذوالفقار سینئر کھلاڑیوں میں شامل ہیں، انڈر 19 کپتان ایمان نصیر اور بلے باز کومل خان بھی ’اے‘ ٹیم کا حصہ ہیں۔
یسرا عامر وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گی، سپن اٹیک میں انوشہ ناصر، مومنا ریاست، اُمِ ہانی اور نورین یعقوب شامل ہیں، فاسٹ باؤلنگ اٹیک کی قیادت وحیدہ اختر کریں گی۔
30 ممکنہ کھلاڑیوں کا کیمپ ایک ہفتہ کراچی میں لگا جس کے بعد 15 رکنی سکواڈ منتخب ہوا، پاکستان ویمنز ’اے‘ ٹیم 10 فروری کو تھائی لینڈ روانہ ہوگی، پری ٹورنامنٹ کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں جاری رہے گا۔
پاکستان ویمنز سکواڈ میں بلے باز ایمان نصیر، گل رخ، حفصہ خالد، حرینہ سجاد، کومل خان اور شوال ذوالفقار شامل ہیں، وکٹ کیپر یسرا عامر کے علاوہ آل راؤنڈرز نورین یعقوب اور اُمِ ہانی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں، سپن باؤلرز انوشہ ناصر، مومنا ریاست، فاسٹ باؤلرز لبنیٰ بہرام، نیہا شرمین ندیم، سیدہ معصومہ جعفری اور وحیدہ اختر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ میں محمد مسرور (ہیڈ کوچ)، شعیب خان، نعیم طیب، جاویریہ رؤف اور دیگر سپورٹ سٹاف شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 13 فروری کو نیپال سے ہوگا، 15 فروری کو پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، 17 فروری کو یو اے ای اور پاکستان کا میچ ہوگا، جبکہ سیمی فائنلز 20 فروری اور فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔