روس نے ہسپانوی شہری کو سیاسی پناہ دے دی
ماسکو (دنیا نیوز) روس نے سپین کے ایک آئی ٹی ماہر اور تعلیمی شعبے سے وابستہ شہری اینریکے آریاس گِل کو سیاسی پناہ دے دی ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق شہری پر ہسپانوی حکام نے روس کے حق میں جاسوسی اور سائبر حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کر رکھے تھے۔
اینریکے آریاس گِل نے روسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے فروری 2025 میں روسی فیڈریشن سے سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی جو منظور کر لی گئی ہے اور اس وقت وہ روس میں بطور سیاسی پناہ گزین مقیم ہیں۔
یورپی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپین کی ایک عدالت نے اینریکے آریاس گِل کے خلاف بین الاقوامی وارنٹِ گرفتاری جاری کیا تھا جب کہ یوروپول نے بھی انہیں مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔
ہسپانوی شہری پر الزام ہے کہ وہ ایک ٹیلی گرام چینل چلاتے تھے جس کے ذریعے روس کے حق میں معلوماتی مہم چلائی جاتی تھی جب کہ بعض رپورٹس میں انہیں ایک مبینہ ہیکر گروپ سے منسلک بھی قرار دیا گیا ہے۔
اینریکے آریاس گِل اگست 2024 میں روس پہنچے تھے جہاں وہ ماسکو میں قائم روسی ثقافتی ادارے کی سکالرشپ پر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سپین میں ان کے خلاف الزامات سیاسی نوعیت کے ہیں، جس کے باعث انہیں وطن چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، دوسری جانب روسی ذرائع کا کہنا تھا کہ اینریکے آریاس گِل اب روسی شہریت حاصل کرنے کے لیے درکار قانونی دستاویزات کی تیاری کر رہے ہیں۔