بھیک مانگنا منظم کاروبار اور باقاعدہ پروفیشن بن چکا ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھیک مانگنا منظم کاروبار اور باقاعدہ پروفیشن بن چکا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس کاروبار کے ٹھیکیدار بچوں، عورتوں اور جعلی معذوروں سے کروڑوں روپے کماتے ہیں، یہی مافیا ہزاروں بھیک مانگنے والوں کو گلف ممالک میں ایکسپورٹ کر رہا ہے، جس کے باعث ان ممالک نے پاکستانی ویزے بند کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھناؤنے کاروبار میں ایئرپورٹس پر تعینات مختلف محکموں کا عملہ بھی برابر کا حصہ دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں زیادہ تر افراد جنوبی پنجاب سے آ کر ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں اور بھیک مانگتے ہیں، اگرچہ انتظامیہ اور پولیس کی کارروائیوں سے اس کاروبار میں کمی آئی ہے مگر اب بھی ان کی موجودگی نظر آتی ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں بظاہر خوشحال ٹھیکیدار گداگروں کیلئے سفارشی بن کر سامنے آتے ہیں ، یہ کاروبار انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں