ماہ مقدس شروع ہوتے ہی ایئر لائینز نے عمرہ کے کرایے میں اضافہ کر دیا
کراچی :(دنیا نیوز) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی ملکی اور غیر ملکی ائیر لائینز نے اپنے عمرہ کے کرایے میں اضافہ کر دیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بزنس کلاس کا کرایہ پانچ لاکھ تک پہنچ گیا جبکہ اکانومی کلاس اور اکانومی پلس کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار سے دو لاکھ تک پہنچ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ شروع ہوتے ہی عمرہ زائرین کی تعداد میں معمول کے مطابق اضافہ ہو گیا، عمرہ زائرین کا فوری فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائن نے اپنے کرایوں میں اضافہ کر دیا۔
اِسی طرح کرایوں میں اضافہ پہلے عشرہ کی نسبت دوسرے اور تیسرے عشرے میں مزید بڑھنے کا امکان ہے، معمول کے مطابق کرایہ اکانومی اور اکانومی پلس کا ایک لاکھ تیس چالیس ہزار تھا جو بڑھ کر ایک لاکھ 80 ہزار سے لے کر دو لاکھ تک پہنچ گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بزنس کلاس کا کرایہ سوا چار لاکھ سے لے کر ساڑے 4 لاکھ روپے تھا جو اب پانچ لاکھ تک پہنچ چکا ہے۔