آسٹریلین پولیس کی منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے نئی ٹاسک فورس قائم
کینبرا: (ویب ڈیسک) آسٹریلین پولیس نے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے نئی ٹاسک فورس قائم کر دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نارتھ کوئنز لینڈ جوائنٹ آرگنائزڈ کرائم ٹاسک فورس (جے او سی ٹی ایف) بحرالکاہل میں ذخیرہ کی گئی میتھامفیٹامین اور کوکین جیسی منشیات حاصل کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرے گی۔
بیان کے مطابق یہ ٹاسک فورس ٹوریس سٹریٹ کے راستے سمگلنگ میں ملوث منظم جرائم پیشہ افراد کو نشانہ بنائے گی، یہ آبی گزرگاہ شمالی کوئنز لینڈ اور نیو گنی کو الگ کرتی ہے اور اس اقدام کا مقصد کمزور کمیونٹیز اور آسٹریلیا کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے۔
آسٹریلین فیڈرل پولیس کی کمشنر کریسی بیریٹ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کئی سالوں سے بحرالکاہل میں غیر قانونی اشیاء کی بڑی مقدار ذخیرہ کی گئی ہے، جس کے باعث ملک کے اندر اور بیرون ملک موجود منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو آسٹریلیا کے قریب خطرناک منشیات تک آسان رسائی حاصل ہو رہی ہے۔