پی ٹی آئی میں سوائے بانی کے ہر رہنما کو گالیاں پڑچکی ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں سوائے بانی کے ہر رہنما کو گالیاں پڑ چکی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صاحبزادہ حامد رضا کے اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے لکھا کہ آپ کے والد مرحوم کے ساتھ نیاز مندی تھی ایک لمبا عرصہ سیاسی رفاقت بھی رہی۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں کلٹ ہے، سیاسی سوچ و سیاسی رفاقت کا کوئی تصور نہیں، اِس وقت پی ٹی آئی کے اندر آدھے درجن گروپ ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سوائے بانی کے ہر رہنما کو گالیاں پڑچکی ہیں اور پڑتی رہیں گی، بانی کے مفادات کی قربان گاہ پر ورکرز، رہنما ملک کا مفاد سب بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں بانی کی ہمشیرہ صاحبہ اور پارٹی کی لیڈرشپ میں شدید مفادات کی جنگ ہو، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی وزارت اعلیٰ بچانے کے لئے رہائی فورس لانچ کرکے وفاداری کا یقین دلا رہے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء کا گروہ جن کا سارا سیاسی وجود بانی کی معرفت اور مرہون منت ہے وہ کیمرہ پر آکر مارکیٹ ویلیو بنا رہے ہیں، اِن سب میں ایک قدر مشترک ہے، سب چاہتے ہیں خان اندر رہے تا کہ اُن کی دکانیں کھلی رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں